جے جے اسپتال انتظامیہ کے خلاف شکایات موصول ہونے کے بعد مجلس اتحاد المسلمین ممبئی کے صدر فیاض احمد خان نے کہا کہ چھوٹے ٹیسٹ جیسے بلڈ ٹیسٹ، شوگر ٹیسٹ کی سہولت اسپتال میں دستیاب ہونے کے باوجود مریضوں کو باہر یعنی پرائیویٹ ڈائیگناسٹیک سینٹر جانے کے لیے مجبور کیا جارہا ہے۔
فیاض احمد خان نے کہا کہ اسپتال انتظامیہ سے مل کر اس بارے میں بات کی گئی جبکہ اسپتال کے ڈین رنجیت مانکیشور سے اس سلسلہ میں ملاقات کرکے تحریری شکایت کی گئی جس کے بعد انہوں نے مریضوں کو ہونے والی دقتوں اور مسائل پر غور کرنے کا تیقن دیا۔ مانکیشور نے کہا کہ مریضوں کو حکومت کی جانب سے ملنے والی ہر سہولت دی جائے گی۔
چونکہ جے جے ہسپتال ممبئی کے مسلم اکثریتی علاقے بھنڈی بازار میں سے متصل ہے۔ علاقے میں مسلم اکثریتی بستیاں ہیں جو پسماندہ طبقے سے تعلق رکھتی ہیں جو کسی بھی علاج کے لئے پرائیویٹ اسپتال جانے سے قاصر ہیں، اس لیے غریب مریض جے جے ہسپتال کا رخ کرتے ہیں کیونکہ یہاں علاج کا خرچ کم ہے۔