مہاراشٹر قانون ساز کونسل کی 9 نشستوں پر 21 مئی کو ہونے والے انتخاب کے لیے مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے آج دوپہر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
ٹھاکرے کے ساتھ ان کی اہلیہ ، انکے فرزند کابینی وزیر ادتیہ ٹھاکر اور مہا وکاس آغاڈی (ایم وی اے) کے قائدین جن میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار ، ریاستی کانگریس کے صدر اور محصول وزیر بالاصاحب تھوراٹ اور شیوسینا کے سینئر رہنما موجود تھے۔
اس کے علاوہ قانون ساز کونسل کی نائب چیئرپرسن ڈاکٹر نیلم گورھے نے بھی شیو سینا کے امیدوار کی حیثیت سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
این سی پی کے امیدواروں ششیکانت شنڈے اور امول مٹکاری کے علاوہ کانگریس کے تنہا امیدوار راجیش راٹھوڈ نے بھی نے بھی ریٹرننگ آفیسر کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ۔
شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے آج نامزدگی داخل ہونے کے بعد کہا کہ " ایم ایل سی کی 9 نشستوں پر انتخابات بلا مقابلہ ہوں گے۔ ہم نے کانگریس کی قیادت کے ساتھ تبادلہ خیال کیا کہ یہ وقت انتخابات کا نہیں بلکہ کووڈ-19 کے وبائی امراض کا مقابلہ کرنے کا ہے۔ انہوں نے ہماری درخواست کا احترام کیا اور خوش اسلوبی سے اپنے دوسرے امیدوار کو واپس لے لیا "۔
قابل ذکر ہے کہ ریاست کے ایوان بالا میں 9 خالی نشستیں، قانون ساز اسمبلی کے 288 ممبران پر مشتمل انتخاب کے ذریعے رائے شماری سے پُر کی جائیں گی۔