مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کی 'جامع مسجد ممبئی' میں خانہ کعبہ کا 100 برس قدیم غلاف موجود ہے۔ مسجد کے ذمہ دار شعیب خطیب نے اس بارے میں بتایا کہ' خانہ کعبہ کا یہ 100 برس قدیم غلاف صرف بھارت میں موجود ہے۔ جسے خلافت عثمانیہ کے دور میں اس جامع مسجد کو تحفے میں دیا گیا تھا۔ اس غلاف میں عربی عبارت سورتیں اور ڈیزائن جو خالص سونے کی تاروں سے بنایا گیا ہے، اپنی اصل حالت میں اب تک موجود ہے۔
غلاف پر 'خلافت عثمانیہ کے اس وقت کے خلیفہ محمد علی پاشا 1343 ہجری لکھا ہوا ہے'۔ جامع مسجد کے مفتی اشفاق قاضی نے بتایا کہ' سعودی عرب میں خانہ کعبہ سے متصل ایک عمارت ہے جہاں ہر برس خانہ کعبه کا تبدیل شدہ غلاف کو محفوظ طریقے سے رکھا جاتا ہے اور پھر نمائش کے لئے پیش کیا جاتا ہے۔ یہ غلاف اس وقت کا ہے جب سعودی میں خلافت عثمانیہ یعنی ترکوں کی حکومت تھی، وہاں جو امیر منتخب کیا جاتا تھا وہ ترکوں کے ذریعہ ہی منتخب کیا جاتا تھا۔