شیخ ارسلان قتل معاملہ: متوفی کے والدین کی ایڈیشنل ایس پی سے ملاقات - مالیگاؤں، مہاراشٹر
سابق رکن اسمبلی آصف شیخ نے ارسلان کے والدین کی جانب سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی جانچ کے لیے آزاد نگر پولیس اسٹیشن کے انچارج پی آئی پاریکر کی نگرانی میں ایک خصوصی اسکواڈ تشکیل دیا جائے۔
گذشتہ روز گھر سے لاپتہ شیخ ارسلان کی لاش 24 مئی کو جعفر نگر علاقے میں زیر تعمیر عمارت سے ملی۔ اس معاملہ میں پوارواڑی پولیس اور آزاد نگر پولیس تحقیقات کررہی ہے۔ لیکن اب تک کوئی بھی سراغ نہیں مل سکا۔ شیخ ارسلان کا واقعی قتل ہوا ہے یا پھر قدرتی طور پر موت واقع ہوئی ہیں۔ دو روز گزرنے کے بعد بھی اس کی موت معمہ بنی ہوئی ہے۔ متوفی کے والدین نے پولیس انتظامیہ، سیاسی لیڈران کے ساتھ ساتھ عوام سے مدد کی گزارش کررہے ہیں۔
اس تعلق سے گذشتہ روز سابق رکن اسمبلی آصف شیخ کی قیادت میں متوفی کے والدین نے شہر کے ایڈیشنل ایس پی چندر کانت کھانڈوی سے ملاقات کی۔ یہاں شیخ آصف نے ارسلان کے والدین کی جانب سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی جانچ کیلئے آزاد نگر پولیس اسٹیشن کے انچارج پی آئی پاریکر کی نگرانی میں ایک خصوصی اسکواڈ تشکیل دیا جائے۔اس اسپیشل اسکواڈ میں پولیس محکمے کے الگ الگ اسکواڈ سے پولیس اہلکاروں کو شامل کیا جائے۔
اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جائے تاکہ کے جلد سے جلد ارسلان شیخ کی موت کا معمہ حل ہوسکے اور متوفی کے والدین کو انصاف مل سکے۔ ان تمام باتوں کو سننے کے بعد ایڈیشنل ایس پی چندر کانت کھانڈوی نے تیقن دیا ہے کہ جلد ہی اس معاملے میں کارروائی تیز کی جائے گی اور کوشش کی جائے گی کہ اسپیشل اسکواڈ تشکیل دیکر اس موت کا معمہ حل کیا جائے۔