کرلا: سڑک حادثے میں بچی کی موت - road accident in kurla mumbai; girl died
ممبئی کے کرلا میں پیش آئے اندوہناک سڑک حادثے میں 12 برس کی بچی کی موت واقع ہونے کے بعد عوام کا غم غصے میں بدل گیا ہے۔
![کرلا: سڑک حادثے میں بچی کی موت](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/768-512-5035174-thumbnail-3x2-acci.jpg)
مقامی عوام نے گزشتہ شب پوری طرح سڑک جام کردیا جس سے ایک سے دو گھنٹے تک ٹریفک نظام متاثر ہو کر رہ گیا، کرلا ایس ایل آر بریج سے سفر کرنے والی سواریوں کو کافی پریشانیوں کا سامناکرنا پڑا۔
کرلا اسٹیشن تک جانے والے راستےمیں یہ دوسرا حادثہ ہے اس سے قبل بریج کے نیچے جھوپڑپٹی میں رہنے والے ایک بچہ کی موت ہوگئی تھی، بس کی ٹکر سے لڑکا فوت ہوا تھا،اور گزشتہ شب 12 برس کی بچی کو ڈمپر نے ٹکر مار دی، اس وقت لڑکی بریج کے نیچے واقع عوامی بیت الخلاء کے پاس راستہ عبور کر نے کے لیے کھڑی تھی، اس دوران تیز رفتار ڈمپر کے ٹکر مارنے سے لڑکی فوت ہوگئی، یہ خبر جیسے ہی مقامی عوام تک پہنچی عوام نے برہمی کا اظہا کرتے ہوئے سڑک کو ہی مقفل کر دیا اور احتجاج کرتے ہوئے سڑک پر بیٹھ گئے جس کے سبب ٹریفک نظام بری طرح سے متاثر ہوکر رہ گیا، اس موقع پر ڈی سی پی نیتی ٹھاکر اور اے سی پی کرلا ڈویژن نے حالات کو قابو میں کیا، انھوں نے عوام کو سمجھایا اور راستے کو بحال کیا۔
عوام کا کہنا ہیکہ کرلا پل کے نیچے حادثات کی اصل وجہ پل کی بے ترتیب تعمیر اور اس کا انخلا ہے جو غیر ضروری طور پر درمیان میں ہی مقفل کر دیا گیا ہے، اس پل کو کرلا اسٹیشن تک چھوڑنے کے بجائے اسے درمیان میں ہی مقفل کر دیا گیا ہے اس سے لاکھوں مسافروں کو روزانہ پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس پل کے درمیان میں سڑک عبور کرنے کا انتظام کیا جانا چاہئے جس سے سڑک حادثوں پر قابو پایا جاسکے۔
پولیس نے ڈمپر ڈرائورکو گرفتار کرلیا ہے۔