ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل مسلم اکثریتی شہر ممبرا کے شیل پھاٹا سے ممبرا ریلوے اسٹیشن تک شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
ممبرا: شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج اس ریلی میں تمام مذاہب کے لوگوں نے شرکت کی اور حکومت سے یہ مطالبہ کیا کہ اس قانون کو جلد ازجلد واپس لیا جائے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک سی اے اے کو واپس نہیں لیا جاتا ہے تب تک احتجاج جاری رہے گا اور اگر سی اے اے کو واپس نہیں لیا گیا تو احتجاج میں شدت بھی لائی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ شہریت ترمیمی قانون،این آر سی اور این پی آر کے خلاف جہاں مختلف ریاستوں میں خواتین کا احتجاج جاری ہے وہیں ممبرا میں خواتین کا بھی احتجاجی مظاہرہ مسلسل جاری ہے.
جبکہ دوسری جانب شہر میں ایک الائنس گروپ اگینسٹ سی اے اے کے نام سے تشکیل دیا گیا جو اس سیاہ قانون کے خلاف ہر طرح کی کارکردگی میں شامل ہورہا ہے۔
اس کے خلاف ہونے والی تمام مہم کو کامیاب بنانے میں جدوجہد بھی کررہا ہے۔
سمویدھان سمان سمیتی کے صدر نرسنگ دتو نے کہا کہ جو ہندو یہ سمجھتے ہیں کہ یہ معاملہ صرف مسلمانوں کا ہے تو وہ سمجھ لیں کہ آسام میں اس قانون کی زد میں غیر مسلم سب سے زیادہ آئے ہیں اور جو حکومت ڈاکٹر امبیڈکر کے سمویدھان کو توڑ مروڑ کر اپنے مزاج میں ڈھال سکتی ہے گویا وہ کچھ بھی کر سکتی ہے اس لیے یہ صرف مسلمانوں کا نہیں بلکہ تمام بھارتیوں کا مسئلہ ہے اس لیے ہم ہندوؤں میں اس قانون کے بار ے میں بیداری لانے کے لیے ریلی نکالی گئی ہے۔