مالیگاﺅں میں راشن تقسیم کے معاملات میں کافی بدنظمی محسوس کی جا رہی ہے جس کے سبب شہر کی عوام پریشان ہیں۔ مالیگاؤں میں 67 فیصد افراد سطح غریبی کے نیچے زندگی گزارتے ہیں اور انہیں راشن حاصل کرنے کے لئے کافی تکالیف برداشت کرنی پڑتی ہیں۔
ایسے میں این سی پی رہنما آصف شیخ نے اعلی رہنماؤں سے کہا کہ مالیگاؤں شہر میں ایف ڈی او کی مستقل تقرری نہ ہونے سے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے لہذا مالیگاؤں شہر میں مستقل طور پر ایف ڈی او کی تقرری اور راشننگ کے مسائل کو حل کیا جائے۔
اس پر وزیر شہری رسد و خوراک چھگن بھجبل نے مستقل طور پر ایف ڈی او کی تقرری کرنے کی یقین دہانی کرائی اور شہر میں راشننگ کے نظام کو شفاف بنانے کا اظہار کیا۔اس کے علاوہ آصف شیخ نے ممبئی میں ہی مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے سے ملاقات کی اور ان سے مطالبہ کیا کہ کورونا وائرس وبا کی تیسری لہر کے پیش نظر مہاراشٹر حکومت جہاں منصوبہ بندی کر رہی ہے وہیں مالیگاؤں شہر کو بھی منصوبہ بندی کی فہرست میں شامل کیا جائے۔
انہوں نے وزیر صحت سے مطالبہ کیا کہ مالیگاؤں میں صحت کا نظر درست کیا جائے تاکہ کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر بچوں کی حفظان صحت پر خصوصی توجہ دی جا سکے۔ انہوں نے وزیر صحت سے مزید مطالبہ کیا کہ مالیگاؤں شہر میں دوا، انجیکشن، آکسیجن اور قوت مدافعت بڑھانے والی دواؤں کا انتظام کیا جائے۔