ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں کورونا کے مریضوں کی بڑھتی رفتار نے ریاستی حکومت کی پریشانیوں میں اضافہ کردیا ہے۔
حکومت کی سختی کے باوجود عوامی مقامات اور پروگرامز میں احتیاطی تدابیر اختیار نہ کیے جانے سے کورونا کے معاملوں میں روز بروز اضافہ کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے ممبئی میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن لگانے کے اشارے دیے ہیں۔
ممبئی کے نگراں وزیر اسلم شیخ نے کہا کہ کورونا کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے گذشتہ وزیراعلیٰ نے ایک میٹنگ کی اور کورونا پر کس طرح سے قابو پایا جائے اس بات کو لیکر سرکاری افسران سے بات چیت کی۔
اُنہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے سبھی ضلع کلیکٹرز اور سرکاری افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے ضلع و شہروں میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے احتیاطی تدابیر کے لیے جو بھی اقدامات کرنا چاہیں کرسکتے ہیں، پھر چاہے وہ رات کا کرفیو ہو، بڑے پیمانے پر کورونا کی جانچ ہو، عوامی پروگرامز پر پابندی ہو یا جزوی لاک ڈاؤن۔