مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں 12 نومبر بروز جمعہ بند کے دوران تشدد برپا ہوا جس کے بعد سے مقامی پولیس نے تمام عوامی پروگرامز پر پابندی عائد کردی۔
شہر میں امن قائم کرنے اور عدم اطمینانی کو دور کرنے کے مقصد سے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ضلع صدر آصف شیخ نے نیاپورہ مشاورت چوک میں ایک امن اجلاس کا انعقاد کرنے کے سلسلے میں مقامی پولیس انتظامیہ سے اجازت طلب کی۔ لیکن حالات کے تناظر میں پولیس اور پرانت آفیسر کی جانب سے اجازت نہیں دی گئی۔ تاہم پولیس نے آصف شیخ کو تعزیرات ہند کی دفعہ 149 کے تحت نوٹس دیے دی۔
اس تعلق سے آج آصف شیخ نے مقامی عدالت میں ایڈوکیٹ عارف شیخ اور ایڈوکیٹ بی آر مرچنٹ کے توسط سے ضلعی عدالت مالیگاؤں میں اپنی درخواست داخل کروائی۔
اس تناظر میں آصف شیخ نے بتایا کہ مالیگاؤں سٹی پولیس اسٹیشن کی جانب سے امن اجلاس کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ پرانت محکمہ نے بھی اس اجلاس کی اجازت کو منظوری نہیں دی۔