ممبئی: مہا وکاس اگھاڑی نے مہاراشٹرکے قانون ساز کونسل انتخابات کی 6 نشستوں کے انتخابات میں حزب اختلاف بی جے پی کو شکست دیتے ہوئے اپنی جیت درج کروائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم ایل سی کی 6 نشستوں کے لیے ہونے والے انتخابات میں بی جے پی صرف ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ شیوسینا، این سی پی، کانگریس کے مہاویکاس اگھاڑی اتحاد نے باقی 5 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ ایک سال کے اندر بی جے پی کے لئے ریاست میں یہ دوسرا بڑا دھچکا ہے۔
گذشتہ سال نومبر میں، مہاراشٹرا کا اقتدار بھی بی جے پی کے ہاتھوں سے نکل گیا تھا۔ اب بی جے پی کو ایک اور الیکشن میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
قانون ساز کونسل کے انتخابات میں بی جے پی نے 4 نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے اور ایک آزاد کی حمایت کی۔ لیکن صرف اسے ایک ہی سیٹ پر اسے جیت مل سکی۔
شکست تسلیم کرتے ہوئے بی جے پی کے حزب اختلاف کے رہنما اور سابق وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے کہا، 'مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے انتخابات کے نتائج ہماری توقعات کے برخلاف رہے۔ ہم زیادہ سیٹوں کی توقع کر رہے تھے جبکہ صرف ایک سیٹ پر ہی کامیابی ملی ہے۔ ہم مہاوکاس اگھاڑی کی مشترکہ طاقت کا اندازہ کرنے میں ناکام رہے۔ یہی وجہ ہے کہ بی جے پی کو اپنے مضبوط گڑھ ناگپور میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن میں سرکاری نمائندے نہیں ہوں گے: سپریم کورٹ
ناگپور کو بی جے پی کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے اور یہ نشست مرکزی وزیر نتن گڈکری اور سابق وزیراعلی دیویندر فڑنویس کے والد گنگا دھر راؤ فڑنویس کا گڑھ سمجھا جاتا تھا اور انہوں نے یہاں سے جیت حاصل کی تھی۔ منگل کو ہونے والے انتخابات کو مہاوکاس اگھاڑی اور بی جے پی کے مابین وقار کی جنگ کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔