صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'کانگریس پارٹی کا اپنا ایک بہت بڑا سپورٹ بیس ہے۔ ایسی صورتحال میں ہمارا مقصد ہے کہ ہم اسے مزید مضبوط بنائیں اور ساتھ ہی پارٹی کو ریاست میں پہلے نمبر پر لائیں'۔
نانا پٹولے نے کہا کہ 'آنے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی متحد ہو کر میدان میں اترے گی۔ تمام بلدیاتی انتخابات کے ساتھ ساتھ اسمبلی انتخاب بھی آزادانہ طور پر لڑے گی'۔
نانا پٹولے کی ان ساری باتوں کے جواب میں شیو سینا کی رکن پارلیمان پرینکا چترویدی نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 'اگر کانگریس پارٹی آزادانہ انتخاب لڑنے کی خواہش مند ہے، تو ہم اس کے لیے صرف نیک خواہشات ہی پیش کرسکتے ہیں'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'نانا پٹولے مہاوکاس اگھاڑی کا ایک اہم حصہ ہیں۔ ادھو ٹھاکرے کی قیادت میں شیو سینا اور اتحادی پارٹیاں ریاستی عوام کے دلوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو رہی ہیں اور ہم اسی طرح عوام کی خدمت کرتے رہیں گے'۔
وہیں شیو سینا کے ترجمان اور رکن پارلیمان سنجے راوت نے نانا پٹولے کے بیان پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ' ہر کسی کو اپنی پارٹی کو آگے بڑھانے اور اسے مضبوط کرنے کا آزادانہ اختیار ہے۔ اس وقت ریاست میں اقتدار پر بیٹھی تینوں پارٹیاں متحد ہیں۔ ان پارٹیوں نے ایک دوسرے سے وعدہ نہیں کیا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر الیکشن لڑیں گی۔
بلدیاتی سطح پر الیکشن کے تعلق سے پارٹی کے قائدین فیصلہ کریں گے۔ ہم نے صرف لوک سبھا اور قانون ساز اسمبلی کے لئے حکمت عملی تیار کی تھی۔ انہوں نے اس بات کو افواہ قرار دیا کہ 'ڈیڑھ سال بعد ادھو ٹھاکرے کی جگہ کوئی دوسرا وزیر اعلیٰ بنے گا'۔
وہیں دوسری جانب تیوسا میں ایک تقریر کے دوران نانا پٹو لے نے کہا تھا کہ 'کیا آپ نہیں چاہتے کہ 2024 میں نانا پٹولے کو وزیر اعلیٰ بننا چاہئے۔ انہوں نے شرد پوار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'شرد پوار شیوسینا کی جانبداری کرتے ہیں، جبکہ کانگریس ہی اصل پارٹی ہے۔ ہمیں کسی سے سرٹیفیکٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر ہمیں کوئی کنارے کرنے کی کوشش کرے گا تو ضروری نہیں کہ ہم کنارے ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ '2024 میں کانگریس ہی سب سے بڑی پارٹی ہو گی'۔