مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں ہر سال فروری کے آخری ہفتہ میں شہر کے اردو اور مراٹھی اسکولوں کے طلباء جو ریاستی اور قومی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہر کیا ہے، ان کی حوصلہ افزائی کے لئے مالیگاؤں فزیکل ٹیچرس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ایک استقبالیہ پروگرام منعقد کیا جاتا ہے۔ اس سال بھی اے ٹی ٹی ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں ایک استقبالیہ پروگرام منعقد کیا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر سعود نے کہا کہ مالیگاؤں شہر میں بڑے پیمانے پر اسپورٹس اکیڈمی ہونی چاہئے جس میں ہر طرح کے کھیل سیکھنے اور سکھانے کا نظم ہو۔ ’’آج بھی شہر کا ایک بڑا طبقہ اسپورٹ کو صرف کھیل کود کی ہی نظر سے دیکھتا ہے۔ جبکہ بیرون شہروں میں اسے پروفیشن سمجھتے ہوئے اس پر مسلسل محنت اور جد وجہد کی جاتی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی اور قومی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو حکومت کی جانب سے بہت ساری اسکیمیں اور سہولیات مہیا کرائی جاتی ہیں۔