آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کی جانب سے منعقدہ سہ روزہ آن لائن کانفرنس کا آج بروز سنیچر 20 مارچ آغاز کیا گیا۔
اصلاح معاشرہ کمیٹی کے ذریعے آن لائن کانفرنس کا آغاز - مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی
آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کے زیر اہتمام 20 تا 22 مارچ سہ روزہ آن لائن کانفرنس بطور عنوان 'آسان اور مسنون نکاح شریعت کی پہلی پسند' منعقد کی گئی۔
اس نشست کی صدارت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی (صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) نے کی۔ انہوں نے کہا کہ' بورڈ کی جانب سے جاری آسان اور مسنون نکاح مہم کو وقت کی اہم ضرورت بتایا اور مہم کے تحت کی جانے والی کوششوں کی تحسین کی اور مسلمانوں سے اس بات کی اپیل کی کہ وہ اس مہم کا حصہ بنیں۔
بعد ازاں مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی (سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) نے اصلاح معاشرہ کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے منظور کی گئی 25 نکاتی قرارداد تمام سننے والوں کے سامنے پیش کی۔
واضح رہے کہ اس سہ روزہ آن لائن کانفرنس کی افتتاحی نشست صبح دس بجے قاری شہزاد احمد کی تلاوت سے شروع ہوئی اور ابتداء میں مولانا مہدی حسن عینی (دیوبند ) نے مہمانان کے لیے استقبالیہ کلمات پیش کیے اس کے بعد مولانا خالد رشید فرنگی محلی ( رکن مجلس عاملہ بورڈ) نے کانفرنس کی غرض و غایت بیان کی۔
اس کے بعد تقریروں کا سلسلہ شروع ہوا سب سے پہلے مولانا معز الدین قاسمی ( امیر شریعت مراٹھواڑہ ) نے خطاب فرمایا اور اس بات پر اظہار مسرت کیا کہ بورڈ کی جانب سے چلائی گئی یہ تحریک ملک میں پھیلتی جارہی ہے، تقریروں کا سلسلہ دوپہر ایک بجے تک جاری رہا، مولانا عبدالحمید ازہری( رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) مولانا محفوظ الرحمٰن فاروقی (رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) مولانا شبیر احمد ندوی ( بنگلور ) بحیثیت مہمان خصوصی کانفرنس میں شریک رہے، دوپہر ایک بجے مولانا محفوظ الرحمٰن فاروقی کی دعا پر یہ افتتاحی نشست اختتام تک پہنچی۔
واضح رہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے مسلم پرسنل لا بورڈ نے اقلیتوں میں معاشرے کی برائیوں کو ختم کرنے کیلئے بہترین اقدم اٹھایا ہے یہ سہ روزہ نشست مقررہ وقت پر کل بروز اتوار کو بھی جاری رہے گی۔