مالیگاؤں کے اشفاق عمر سول سروسز امتحان کی رہنمائی کے لیے اردو میں لکھی اپنی کتاب ''رہنمائے سول سروسز'' کے لیے جانے جاتے ہیں۔ ان کی تعلیمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکیڈیمی ممبئی کی جانب سے ایوارڈ و اعزاز سے نوازا گیا۔
اشفاق عمر نے نمائندے ای ٹی وی بھارت سے خاص بات چیت میں کہا کہ رہنمائے "سول سروسیز‘‘ نام کی کتاب لکھنے کا یہی مقصد ہے کہ مسلم طلباء و طالبات اعلیٰ سطح کے حکومتی امتحانات میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں اور کامیابی کے بعد اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوسکیں۔ دوران گفتگو انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ 25 برسوں سے تعلیم کے میدان سے منسلک ہے اور اردو زبان و ادب کی بے لوث خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی ذاتی لائبریری میں ریاست مہاراشٹر کے پچھلے سو برسوں کی درستی کتابوں کا نایاب ذخیرہ (اردو اور مراٹھی میڈیم کی ہزاروں کتابیں) موجود ہے۔
ایک سوال کے جواب میں اشفاق عمر نے کہا کہ نئی دہلی اساتذہ کے کل ہند قومی مقابلے میں شامل ان کے تیار کردہ طریقہ تدریس کو پڑھانے کے ایک نئے تجربے کے طور پر قبول کرتے ہوئے انہیں قومی ایوارڈ سے سرفراز کیا تھا اور طلبا کو حکومتی سطح پر ملنے والی اسکالر شپ سے متعلق ان کی تحریر کردہ معلوماتی کتاب ’’رہنمائے اسکالر شپ‘‘ کافی مقبول ہوچکی ہے۔