شیعہ جامع مسجد کے خطیب و امام جمعہ سید غلام عسکری نے کہا کہ وسیم رضوی نے قرآن کی 26 آیتوں کو حذف کرنے کا مطالبہ کرکے ایک نئے فتنہ کو جنم دیا ہے اور اس شخص کا شیعہ عقیدے سے کوئی واسطہ نہیں ہے
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی وہ فتنہ کی باتیں کر چکا ہے اور اس کے سبب بھارت کی فضا خراب ہوئی ہے۔ آئین ہند نے تمام لوگوں کو اپنے اپنے مذاہب پر عمل کرنے کا اختیار دیا ہے، لیکن یہ شخص فتنہ پھیلانے کا عادی ہے اور قانونی شکنجے سے بچتا رہا ہے۔
مولانا عسکری نے کہا کہ قرآن رسولﷺ کے زمانہ سے ہے اور اس میں ترمیم و تبدیلی کرنا اسلام سے خارج ہونے کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدالت عظمیٰ ایسی عرضی کو خارج کرے اور اس فتنہ پرور کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔
دریں اثناء آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن مولانا سید اطہر علی کی طرف سے ایک نشست بلائی گئی جس میں وسیم رضوی کے گستاخانہ و جاہلانہ بیان کی سخت الفاظ میں نہ صرف مذمت کی گئی بلکہ ایک ایکشن پلان بنا کر خاطی کو اس غلط عمل پر سزا دلانے کی یقین دھانی بھی کرائی گئی۔