مہاراشٹر میں منگل کی علی الصبح چادر گینگ نے ایک الکٹرانک دکان کو نشانہ بناتے ہوئے تقریباً 10 لاکھ روپے لاگت کے موبائل فونز لےکر فرار ہوگئے۔ یہ واردات سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی ہے۔پولیس نے نامعلوم چوروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے فوٹیج کی مددسے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔
چادر گینگ نے پھر واردات کو انجام دیا - chadar gang robbery
مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل تجارتی شہر الہاس نگر میں ایک بار پھر چادر گینگ کے شاطر چور سرگرم ہوگئے ہیں۔
جیسا کہ اس گروہ کا نام چادر گینگ ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ اس گینگ کے چور واردات انجام دینے کے وقت دکان کے شٹر کے باہر چادر لیکر کھڑے ہوجاتے ہیں تاکہ سڑک سے گزرنے والے کسی کو کوئی شک نہ ہو، اسکے بعد شاطر چور شٹر کو توڑ کر آسانی سے اندر داخل ہوجاتے ہیں اور مہنگے موبائل فون کو باکس سے نکال کر ایک تھیلے میں بھرتے اور اسکے بعد پوری واردات کو انجام دے کر فرار ہوجاتے ہیں۔
پولیس کے مطابق الہاس نگر کیمپ نمبر 4 واقع ڈی جی اون نامی الکٹرانک کی دوکان پر اس گینگ نے دھاوا بول دیا، وی وو، اوپو، سیمسنگ سمیت دیگر کمپنیوں کے تقریباً دس لاکھ روپئے کے قیمتی موبائل فونز چوری کر فرار ہوگئے۔
بتایا گیا کہ اس دوکان میں اب تک اس طرح کی چوری کی یہ تیسری واردات ہے۔