ممبئی: مذہبی مقامات بالخصوص مندروں کو کھولنے کے لیے وشو ہندو پریشد کے ذریعے منعقدہ احتجاج پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسلم شیخ نے کہا کہ مذہبی مقامات کو کھولنے یا نہ کھولنے کے مسئلے پر ریاستی حکومت سنجیدگی سے غور کر رہی ہے مگر سرکار کی پہلی ترجیح لوگوں کی زندگیوں کو بچانا ہے۔ جس میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
بی جے پی اور وی ایچ پی مہاراشٹر سرکار کو بدنام کرنے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے: اسلم شیخ - مندروں کو کھولنے کے لیے وشو ہندو پریشد کے ذریعے منعقدہ احتجاج
مذہبی مقامات کو کھولنے سے زیادہ اہم لوگوں کی زندگیوں کو بچانا ہے، بی جے پی مہا وکاس اگھاڑی سرکار کو بدنام کرنے کے لیے وی ایچ پی جیسی ہندو توا دی تنظیموں کا سہارا لے رہی ہے مذکورہ خیالات کا اظہار ممبئی شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ نے آج میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ آج ملک میں بے روزگاری، بدحال معیشت، چین کی دراندازی جیسے اہم مسائل پر یہ لوگ احتجاج کیوں نہیں کرتے؟ انہوں نے مرکز کی بی جے پی سرکار پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی مقامات کو کھولنے کے لیے بی جے پی جب اتنی بے چینی کا مظاہرہ کر رہی ہے تو مرکز کی جانب سے مذہبی مقامات کو کھولنے کے لیے اب تک ہدایات کیوں جاری نہیں کی گئی؟
اُنہوں نے بی جے اور وی ایچ پی پر عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کورونا پوری طرح سے ختم نہیں ہوا ہے نہ ہی ہم نے اب تک اس پر پوری طرح سے قابو پایا ہے، بی جے پی اور وی ایچ پی اس طرح کے احتجاج کے بجائے عوامی بیداری اور پلازما کے عطیے کے لیے سڑکوں پر اتریں تو زیادہ اچھا ہوتا۔