بھیونڈی اسمبلی حلقوں کے لیے امیدوارں کا اعلان
مہاراشٹرا میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی اور شو سینا کا اتحاد ہوا، اور اس ضمن میں سیاسی جماعتیں انتخابات کی تیاریوں میں لگ گئی ہیں۔
بھیونڈی کےمغربی اسمبلی حلقہ کے لیے کانگریس اور بی جے پی نے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ مشرقی بھیونڈی سے شیوسینا نے بھی اپنے موجودہ رکن اسمبلی پر اعتماد دکھایا ہے۔
مغربی اور مشرقی بھیونڈی حلقہ جات کے لیے بی جے پی اور شیوسینا نے بالترتیب اپنے اپنے رکن اسمبلی پر اعتماد کااظہار کرتے ہوئے دوبارہ انھیں ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب کانگریس نے مقامی صدر شعیب خان گڈو کو مغربی حلقہ سے امیدوار بنایا ہے۔جبکہ کانگریس نے سابق رکن اسمبلی عبدالرشید طاہر مومن کو ایک بار پھر ٹکٹ نہیں دیا ہے۔
سنہ 2014 کے اسمبلی انتخابات کے دوران مغربی حلقہ سے شعیب خان گڈو ہار گئے تھے اس کے باوجود ایک بار پھر پارٹی نے ان پر بھروسہ دکھاتے ہوئے ٹکٹ دیا ہے۔ تاہم بھیونڈی میں دیگر جماعتوں نے اپنے امیدوارں کا اعلان ابھی تک نہیں کیا۔
مشرقی حلقہ سے جہاں شیوسینا نے تیسری مرتبہ روپیش مہاترے کو اپنا اُمیدوار بنایا ہے۔وہیں مغربی اسمبلی حلقہ میں بی جے پی نے دوسری مرتبہ رکن اسمبلی مہیش چوگلے پراعتماد کااظہار کرتے ہوئے انہیں اپنا اُمیدوار بنانے کااعلان کیا ہے۔ جبکہ دیہی بھیونڈی حلقہ کے لیے شیوسینا نے دوسری مرتبہ شانتا رام مورے کو اپنا اُمیدوار بنایا ہے۔
سماج وادی پارٹی اور ایم آئی ایم کی جانب سے ابھی تک کسی بھی اُمیدوار کے نام پر حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔جس کو لیکر شہر میں طرح طرح کی قیاس آرائیاں اور افواہیں گردش کررہی ہیں۔