اردو

urdu

By

Published : Mar 22, 2020, 7:37 PM IST

ETV Bharat / city

’کورونا کے خلاف جاری جنگ میں حکومت کا تعاون کریں‘

ریاست مہاراشٹر میں کورونا وائرس کو روکنے کے لیے پانچ شہروں میں لاک ڈاون کا اعلان کرنے کے بعد وزیر نگراں اسلم شیخ نے شہریوں سے اپیل کی کہ کورونا کے خلاف جاری جنگ میں حکومت کا مکمل تعاون کریں۔

Aslam Sheikh appeal to the citizens of maharashtar
وزیر نگراں اسلم شیخ

ریاست مہاراشٹر میں کورونا وائرس سے متأثر افراد کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر ریاستی حکومت نے ممبئی، پونے، پمپری، چینچواڈ اور ناگپور میں بند کا اعلان کیا ہے۔

وزیر نگراں اسلم شیخ کی شہریوں سے اپیل

شہروں کو بند کیے جانے کے بعد نگراں وزیر اسلم شیخ نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے ممبئی کی عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہجومی جگہ جانے سے پرہیز کریں اور بہت زیادہ اہم یا ایمرجنسی صورتحال میں ہی گھر سے باہر نکلیں۔

انہوں نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کچھ لوگوں کو طبی جانچ کے بعد گھر پر رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا تھا مگر خبروں کے مطابق ایسے لوگ ان ہدایات پر عمل نہ کرتے ہوئے سمندری کناروں، ہوٹلوں اور دیگر تفریحی مقامات پر سیر کرتے نظر آرہے ہیں جس سے نہ صرف ان کی زندگی کو خطرہ ہے بلکہ دوسروں کی بھی زندگی کو خطرہ لاحق ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری عوام سے اپیل ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھر سے نکلنے سے گریز کریں اور کورونا کے خلاف جاری اس جنگ میں حکومت کا ساتھ دیں۔

انہوں نے عوام سے یہ بھی اپیل کی کہ کھانے پینے کی چیزوں کا ذخیرہ نہ کریں حکومت پوری طرح سے مستعد ہے اور عوام کو کسی بھی چیز کی کمی نہیں ہونے دے گی لہٰذا ایسی صورت میں گھبرانے اور پریشان ہونے کے بجائے ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور عقلمندی سے کام لیتے ہوئے بھیڑ بھاڑ سے بچیں۔

واضح رہے کہ مہاراشٹرا میں مزید 11 کیس سامنے آئے ہیں جبکہ ریاست میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد بڑھ کر 63 ہوگئی ہے۔

قابل غور ہے کہ چین کے صوبہ ہبوئی کے دارالحکومت ووہان سے پھیلنے والا جان لیوا کورونا وائرس کی زد میں اب تک دنیا کے 180 سے زائد ملک آ چکے ہیں۔ ہندوستان میں کورونا وائرس کے اب تک 287 کیس سامنے آ چکے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے کے درمیان اسے عالمی وبا قرار دیا ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details