کورونا وائرس کی وباء کے خلاف حکومت کے ذریعہ ملک گیر پیمانے پر چوتھے مرحلے کا لاک ڈاؤن شروع ہو چکا ہے جو 31 مئی تک نافذ رہے گا۔ لاک ڈاؤن کے سبب گذشتہ دو ماہ سے مساجد میں صرف پانچ افراد ہی نماز ادا کر پا رہے ہیں۔
جمعۃ الوداع اور عید الفطر جیسے خصوصی موقعوں کے اہتمام کے لیے جامع مسجد انتظامیہ کمیٹی اور دیگر علماء رامپور نے ضلع انتظامیہ آنجنئے کمار سنگھ کے ساتھ میٹنگ کی اور اپنی تجویز رکھی کہ کم از کم ان دو موقعوں پر تھوڑی دیر کے لیے کچھ رعایت دے دی جائے حالانکہ ضلع انتظامیہ نے کسی بھی طرح کی رعایت دینے سے انکار کر دیا۔
لہذا مسلمان ایسے میں کس طرح جمعۃ الوداع اور عید الفطر کی نمازیں ادا کریں اور ان نمازوں کو لے کر شریعت میں کتنی گنجائش ہے؟ ان تمام باتوں پر رامپور کے معروف بزرگ عالم دین اور امام جامع مسجد رامپور مفتی محبوب علی صاحب نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کی۔'
انہوں نے کہا کہ' جس طرح سے گذشتہ دو ماہ سے مساجد میں صرف پانچ افراد نماز ادا کرتے آ رہے ہیں، اسی طرح جمعۃ الوداع اور عید الفطر کی نماز بھی ادا کریں اور باقی لوگ گھروں پر رہ کر نماز ادا کریں۔ وہیں انہوں نے یہ بھی کہا کہ عید کی نماز ضلع کی عید گاہوں میں نہیں ہوگی۔ صرف جامع مسجد اور دیگر مساجد میں پانچ پانچ افراد نماز ادا کریں گے۔ باقی لوگ گھروں پر چار نوافل چاشت کے پڑھ سکتے ہیں یہ ان کی عید کی نماز کا بدل ہو جائے گا۔'