نئے تعلیمی سیشن سے بچوں کے اسکول لوٹنے کی امید کر رہے ان پرائیویٹ اسکولوں اور پچھڑے علاقوں کے چھوٹے چھوٹے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے سامنے وجود اور روزگار کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
میرٹھ۔: نجی اسکولوں کو روزگار کے ساتھ اپنے وجود کا بھی خطرہ لاحق - احتیاطی اقدامات کے ساتھ اسکولوں کو کھولنے کی اجازت
کورونا وبا کے سبب گذشتہ ایک برس سے درہم برہم اسکول اور کالج کے تعلیمی نظام کو پٹری پر لانے کی کوششیں جاری تھیں، لیکن تعلیمی سیشن کے آغاز سے قبل ہی ایک بار پھر کورونا وبا کے سبب ان اسکولوں و کالج کے دروازون پر قفل لگادیے گئے۔
غریب اور پچھڑے آبادی والے علاقوں میں معمولی فیس کی بنیاد پر تعلیمی خدمات انجام دے رہے یہ ادارے لاک ڈاؤن کے بعد سے ہی مالی بحران کا شکارر ہیں، کچھ وقت بعد اداروں کو احتیاط کے ساتھ کھولنے کی اجازت ملی تو حالات پھر سے بہتر ہونے کی امید تھی لیکن کورونا انفیکشن کے بڑھتے خطرات کے سبب حکومت نے ایک بار پھر تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ایسے میں چھوٹے پرائیویٹ اسکولوں کے لیے اب اپنے وجود کو بچائے رکھنے کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔
کورونا وبا میں لاک ڈاون کے بعد سے ہی مالی بحران کے شکار ان اسکول کالجوں کے منتظمین اور اسٹاف کی اب حکومت سے اسکولوں کو بند نہ کر کے احتیاطی اقدامات کے ساتھ اسکولوں کو کھولنے کی اجازت دیے جانے کی اپیل بھی کی جارہی ہے۔