قاضی شہر زین الساجدین نے عوام سے اپیل کی کہ ایسا کوئی بھی کام نہ کریں جس سے قربانی کے عمل سے کسی دوسرے مذہب کے لوگوں کو تکلیف پہنچے۔
میرٹھ: عید الضحی کے پیش نظر قاضی شہر کی عوام سے اپیل - قاضی شہر زین الساجدین
ملک میں عیدالاضحیٰ کا تہوار 21 جولائی کو منایا جائے گا۔ اس تہوار کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے میرٹھ کے قاضی شہر نے عوام سے اس دن کی خوشیوں میں تمام لوگوں خصوصاً غریبوں کو بھی شامل کرنے کی اپیل کی۔
قربانی کے مقصد کو بیان کرتے ہوئے شہر قاضی نے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قربانی کے گوشت کو غریبوں میں تقسیم کرنے کے ساتھ ہی اپنے کسی عمل سے کسی دوسرے مذہب کے لوگوں کو کوئی تکلیف نہ پہنچے اس کا بھی خاص خیال رکھا جائے اور سبھی مذاہب کے لوگوں کے ساتھ مل کر تہوار منائیں تا کہ آپسی اتحاد کے علاوہ قومی یکجہتی کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
عیدالاضحی کی تیاریوں کے پیش نظر جہاں انتظامیہ کی جانب سے شہر میں صاف صفائی کے کام کو درست کیا جا رہا ہے وہیں شہر قاضی کی اپیل کرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ تہوار سب کا ہوتا ہے اور سبھی مذاہب کے لوگوں کے ساتھ مل کر خوشیاں منانے کا نام ہی تہوار ہے۔