کورونا وائرس وبا کے پیش نظر ملک میں لاک ڈاؤن کے سبب روزگار سے محروم ہو گئے سماج کے غریب طبقہ کو سرکاری اور سماجی تنظیموں کی مدد کا ہی آسرا ہے۔ ان حالات میں جبکہ سرکاری امداد کا دائرہ محدود ہے، سماجی تنظیموں نے آگے بڑھ کر ذمہ داری قبول کی ہے اور لوگوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے کی کوشش کی ہے۔
جمیعت علماء ہند شہر میرٹھ کے صدر قاضی زین الراشدین کے مطابق 'غریب اور ضرورت مند افراد کی مدد ایسے صاحب حیثیت افراد کی امداد سے کی جا رہی ہے، جو ہر سال جمیعت علماء کو چندے کے ذریعہ مالی تعاون کرتے ہیں۔ جمیعت علماء چندے کی اس رقم کا استعمال مختلف فلاحی کاموں کو انجام دینے میں کرتی ہے اور اس سال کورونا وبا کے سبب لاک ڈاؤن کی وجہ سے روزگار سے محروم ہوئے افراد کی مدد کی جا رہی ہے۔ ماہ رمضان اور عید کے پیش نظر راشن اور اشیائے ضروریہ کی تقریباً سو سے زیادہ کٹ تیار کی گئی ہیں اور لوگوں میں تقسیم کی گئی ہیں'۔