کورونا وائرس کی تیسری لہر کے خطرے کے پیشِ نظر سرکاری سطح پر اسپتالوں میں تیاریاں مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ریاست اترپردیش کے ضلع میرٹھ کے لالا لاجپت رائے میڈیکل کالج میں بچوں کے لیے علاحدہ سے پی آئی سی یو وارڈ قائم کرنے کے ساتھ ساتھ وارڈ میں آکسیجن اور وینٹی لیٹر کی ضرورت کو بھی پورا کیا جارہا ہے۔
خاص بات یہ ہے کہ سرکاری سطح پر کیے جارہے ان کاموں میں سماجی تنظیموں کا بھی تعاون حاصل ہو رہا ہے، اسی سلسلے میں انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن کے تعاون سے ویتنام بودھ سَنگھ نے بھارت کے مختلف میڈیکل کالجوں کو 30 سے زیادہ وینٹی لیٹر اور پانچ درجن سے زیادہ آکسیجن کنسنٹریٹر عطیہ کیے ہیں۔
ویتنام بودھ سَنگھ کی جانب سے میرٹھ میں سبھارتی میڈیکل کالج کو 5 اور لالا لاجپت رائے میڈیکل کالج کو 2 وینٹی لیٹر عطیہ کیے گئے ہیں۔ آج میرٹھ میڈیکل کالج پہنچے بودھ سَنگھ کے ذمہ داران نے رکن پارلیمنٹ راجندر اگروال اور میڈیکل کالج کے پرنسپل کی موجودگی میں وینٹی لیٹر اور کنسنٹریٹر میڈیکل کالج انتظامیہ کے سپرد کیے۔