ایسا بہت کم ہی ہوتا ہے کہ صوبہ کا ڈی جی پی کسی تھانیدار کو فون کرکے اس کے کام کاج کی تعریف کرے لیکن یہ بہار کے ضلع کشن گنج میں یہ ممکن ہوا ہے۔
جی ہاں ضلع کے بہادرگنج تھانہ کے تھانیدار کو خود بہار کے ڈی جی پی گپتیشور پانڈے نے فون کرکے ان کے کام کاج کی تعریف کی۔ اس بارے میں خود بہادرگنج تھانہ کے تھانیدار سمن کمار سنگھ کہتے ہیں کہ جب میرے پاس ڈی جی پی صاحب کا فون آیا تو میں چونک گیا۔ سچ کہوں تو تھوڑا نروس بھی ہوگیا تھا لیکن جیسے ہی انہوں نے میرے اور میری ٹیم کے کام کی تعریف کرنی شروع کی اندر سے بہت خوشی محسوس ہوئی۔ پھر ہم نے صاحب کو وہ کارگزاری بھی سنائی جو لاک ڈاؤن کے دوران ہم نے ضرورت مندوں کے لئے کی تھی۔
دراصل بہار کے ڈی جی پی گپتیشور پانڈے ان دنوں ان سبھی پولیس افسران سے خصوصی گفتگو کر ان کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں جو لاک ڈاؤن کے دوران نہ صرف ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی نبھا رہے ہیں بلکہ پولس اور پبلک کے درمیان بہتر رشتہ بنانے کی مہم میں جٹے ہوے ہیں۔