پنجاب کے لدھیانہ کے ایک 10 سالہ لڑکے کی ویڈیو 7 مئی کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ ویڈیو میں وہ سخت دھوپ میں اپنے گلے میں ٹوکری ڈال کر سڑک پر موزے فروخت کرتے ہوئے نظر آرہا ہے۔
کورونا نے تمام لوگوں کو متاثر کیا ہے۔ اس دوران لدھیانہ کے اس کنبے کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا۔ پڑا ایسے میں دس سالہ ونش نے اپنے کنبے کے اخراجات کو پورا کرنے کے لئے موزے فروخت کرنا شروع کر دیا۔ یہ کنبہ کئی پریشانیوں سے جوجھ رہا ہے لیکن یہ 10 سالہ لڑکا اضافی پیسے لینے سے انکار کر دیتا ہے۔ وہ غریبی کے باوجود پوری ایمانداری سے موزے فروخت کررہا ہے۔
سات افراد پر مشتمل اس کنبے میں ونش سب سے چھوٹا ہے۔ اس کی تین بہنیں ہیں، ایک بھائی اور ماں باپ۔ ونش کا کنبہ گزشتہ کئی سالوں سے مالی مشکلات سے جوجھ رہا ہے۔ والد رکشہ چلاتے تھے لیکن طبیعت خراب ہونے کے باعث والد نے موزے فروخت کرنے کا کام شروع کیا لیکن کورونا وبا پھیلنے کے بعد یہ کام بھی پوری طرح ختم ہو گیا۔
ونش کے والد کا کہنا ہے کہ ''جب ہمارے پاس کام ہوتا تھا تو ہم اچھا کھاتے تھے۔ بغیر کام کیے بچوں کو کھانا کھلانا مشکل ہو رہا تھا۔ بڑا بیٹا بھی ایک دکان میں کام کرتا تھا۔ دکان بند ہونے کی وجہ سے ان دنوں وہ دکان نہیں جا رہا ہے۔ ہم لوگ کام پر نہیں جا رہے تھے۔ چھوٹا بیٹا کام پر جاتا تھا۔''
ونش کا کنبہ طویل عرصے سے غربت کی زندگی گزار رہا ہے۔
ونش کی ماں کا کہنا ہے کہ ''میں نے ساری زندگی غربت دیکھی ہے۔ ہمارے پانچ بچے ہیں۔ مجموعی طور پر ہم سات ممبران ہیں جن کا خیال رکھنا ہوتا ہے۔ ہمارا کام کبھی بھی بہت اچھا نہیں تھا۔ اگر ہمارے پاس دوپہر کے وقت کھانا ہوتا تو ہمیں نہیں معلوم کہ ہم رات کے وقت اپنے بچوں کو روٹی دے سکیں گے یا نہیں لیکن اب ہم روٹی کھا رہے ہیں کیونکہ ہمارے بچے بڑے ہو رہے ہیں اور اب وہ بھی ہمارا پورا ساتھ دے رہے ہیں۔''