رحمت اللعالمین کے یوم پیدائش کی مناسبت سے دنیا بھر کے مسلمان مختلف سرگرمیاں انجام دیکر آخری رسول حضرت محمدﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر سید عبداللہ طارق کی زیر سرپرستی کام کرنے والی ایک مذہبی تنظیم ورک یعنی ورلڈ رلیجنس اینڈ نالیج سے وابستہ ملک بھر کے رضاکار حضورﷺ کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ہفتہ رحمت مہم کے طور پر منا رہے ہیں جس کے تحت ریاست اترپردیش کے شہر رامپور میں آج مفت میڈیکل کیمپ اور شجر کاری کا اہتمام کیا گیا۔
محمدﷺ کے یوم ولادت کی مناسبت سے ہفتہ رحمت مہم کا آغاز ہفتہ رحمت مہم کی کنوینر محترمہ سمو طارق نے ای ٹی وی بھارت سے اپنی خصوصی بات چیت کے دوران کہا کہ قرآن مجید میں اللہ تعالی نے اپنے آخری نبی کو رحمت اللعالمین کہا ہے، یعنی پوری دنیا کے لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو رحمت بتایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس لیے ہماری بھی ذمہ داری ہوتی ہے کہ بحیثیت امت ہم تمام مسلمان اپنے نبی کی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے اس موقع پر کوئی نہ کوئی رحمت کا کام ضرور کریں۔
انہوں نے کہا کہ آج لگائے جانے والا میڈیکل کیمپ اور شجرکاری مہم اسی کی ایک کڑی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ہفتہ رحمت کا بھی اہتمام کر رہی ہیں، اس دوران مختلف سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں۔ بے سہارا بزرگوں کی خیر خبر لینے اور ان کے درد کو بانٹنے کے لیے ہمارے رضاکار اولڈیج ہوم بھی گئے، اسی کے ساتھ ہی یتیم بچوں کی کفالت کے لیے یتیم خانہ بھی جانے کا پروگرام ہے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ان کے یہ پروگرام صرف اس مہم تک ہی محدود نہیں ہیں بلکہ ہم عام مسلمانوں میں عادت ڈالنا چاہ رہے ہیں کہ وہ پورے سال مسلسل رحمت کے کام کرتے رہیں۔