اترپردیش کے بلرام پور ضلع سے انسانیت کو شرمسار کرنے والی ایک ویڈیو 29 مئی کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دو نوجوان راپتی ندی کے پل سے ندی میں ایک کورونا سے متاثر شخص کی لاش کو پھینکتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ واقعہ کوتوالی نگر کے علاقے میں دریائے راپتی پر سیسائی گھاٹ پل کا بتایا جارہا ہے۔
کورونا متاثرہ لاش کو راپتی ندی میں پھینکنے پر دو شخص گرفتار ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انتظامیہ نے ویڈیو کی تفتیش شروع کردی۔ اس چھان بین میں پتا چلا کہ جس شخص کی لاش راپتی ندی میں پھینکی گئی تھی، وہ در حقیقت سدھارتھ نگر ضلع شہرت گڑھ کا رہائشی تھا جس کی شناخت پریم ناتھ مشرا کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے تفتیش کے بعد آنجہانی کے بھتیجے سنجے شکلا اور نجی صفائی کارکن منوج کو گرفتار کرلیا ہے جب کہ چندر پرکاش جو شمشان گھاٹ میں کام کرتا ہے، ابھی بھی مفرور ہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں وبائی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس اس شخص کی بھی تلاش کر رہی ہے جس نے ویڈیو بنائی۔
پریم ناتھ مشرا کے کنبے میں ان کا ایک بھائی ہے جو ممبئی میں اپنے کنبے کے ساتھ رہتا ہے۔ پریم ناتھ کے والدین کا بہت پہلے انتقال ہوگیا تھا۔ اس کی اہلیہ کا بھی 3 سال پہلے ہی انتقال ہوگیا تھا۔ پریم ناتھ کی کوئی اولاد نہیں تھی اور پریم ناتھ مشرا ذہنی طور پر کمزور ہوگیا تھا۔
لاک ڈاؤن اور کورونا سے پریشان ہوکر پریم ناتھ نے بلرام پور میں اپنے بھتیجے سنجے شکلا کے گھر پر رہنے کا فیصلہ کیا اور اسی کے گھر میں رہنا شروع کردیا۔ 25 مئی کو اس کی حالت مزید خراب ہوگئی۔ ان کے بھتیجے سنجے شکلا نے انہیں ضلعی اسپتال میں داخل کرایا جہاں کورونا ٹیسٹ کے بعد مشرا کی رپورٹ مثبت آئی۔
اس کے بعد انہیں ضلع کے مشترکہ اسپتال کے ایل ٹو وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔ 3 دن تک زیر علاج رہنے کے بعد 28 مئی کو ان کا انتقال ہوگیا۔ جب ان کے رشتہ دار سنجے شکلا کو موت کی اطلاع ملی تو انہوں نے 28 مئی کو لاش لینے سے انکار کردیا اور دوسرے دن لاش لینے کو کہا۔
اس دوران کورونا کے خوف کی وجہ سے یا پیسہ بچانے کے ارادے سے سنجے شکلا نے اپنے چچا کی آخری رسومات ادا نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایک نجی صفائی کارکن منوج کو 1500 روپے میں مردہ خانے اور راپتی شمشان گھاٹ میں کام کرنے والے چندر پرکاش کو ایک ہزار روپئے میں لاش کو ندی میں بہانے پر آمادہ کرلیا۔
پولیس کے مطابق پریم ناتھ مشرا کا بھتیجا انھیں دریائے راپتی کے گھاٹ پر لاش کو پانی میں بہانا چاہتا تھا۔ لیکن جب وہ راپتی پل کے نیچے کھڑا تھا تبھی ان دو افراد نے مل کر بھاری بارش کے بیچ لاش کو پتھر سے باندھ دیا اور پھر اسے پل کے نیچے ندی میں گرا دیا۔ سنجے شکلا اس پر سخت ناراض تھے لیکن لاش کے دریا میں جانے کے بعد وہ واپس آگیا۔
اسی دوران وہاں سے گزرنے والے ایک کار سوار نے اس کی ویڈیو بنائی اور اس کو سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔ اسی وجہ سے اس سارے معاملے کا انکشاف کیا جاسکا ہے۔