بارہ بنکی: اتر پردیش کے بارہ بنکی میں ایک بار پھر فرضی ویکسینیشن کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ جہاں شراوستی ضلع کے محکمہ صحت کے ملازمین کی جانب سے رات کے اندھیرے میں گاؤں والوں کو ویکسین لگائی جا رہی تھی۔ حیران کن بات یہ ہے کہ صحافیوں کے پہنچنے پر فرضی ویکسینیشن کرانے والوں نے اُن پر حملہ کر دیا۔ الزام یہ بھی ہے کہ خبر کوور کرنے گئے چار صحافیوں کو ایک کمرے میں قید کر کے زندہ جلانے کی کوشش کی گئی، لیکن وہ بھاگنے میں کامیاب رہے۔ پولیس نے اس معاملے میں 18 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
سوریہ پرتاپ سنگھ نام کا یہ ملازم جو شراوستی ضلع میں ایل اے کے عہدے پر تعینات ہے، اس نے اعتراف بھی کیا کہ وہ یہاں ویکسینیشن کرتا ہے۔ موقع پر کثیر تعداد میں خالی اور بھرے کو ویکس کے وائیل اور سینکڑوں کی تعداد استعمال کی گئی سیرینچ کوڑے دان میں پڑی ملیں۔ جب محکمہ صحت کے اس ملازم کا فرضی واڑہ صحافیوں کے کیمروں میں قید ہوا تو خود کو پھنستا دیکھ کر برہم ہو گئے اور بھیڑ کو بھڑکا کر صحافیوں پر حملہ کرایا، ان کے موبائل توڑے، موبائل کو فارمیٹ بھی کیا گیا۔