حالیہ دنوں میں ملک کی پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان ہوا۔ جس میں چار ریاستوں میں بی جے پی پی حکومت سازی کرنے جا رہی ہے۔ ان نتائج پر ای ٹی وی بھارت نے اتراکھنڈ اور اتر پردیش و میزورم کے سابق گورنر عزیز قریشی سے خاص بات چیت کی ہے۔ ای ٹی وی بھارت سے بات چیت میں عزیز قریشی نے کہا کہ ہم نے نتائج آنے سے قبل کہا تھا کہ اگر بی جے پی بے ایمانداری سے یا ای وی ایم کے ذریعے جیت کی کوشش کرتی ہے تو ملک میں خانہ جنگی جیسے حالات رونما ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی اگرچہ چار ریاستوں میں حکومت سازی کرنے جارہی ہے لیکن عوام کا اعتماد حاصل نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام کے مابین یہ چرچا تیز ہے کہ بی جے پی نے بے ایمانی کرکے کامیابی حاصل کی ہے۔ Aziz Qureshi criticizes BJP
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی فسطائی طاقتوں کو شکست دینے کے لیے جمہوری نظام کے تحت آنے والے دنوں میں ایک بڑے پُرامن احتجاجی مظاہرہ ہوگا جو بی جے پی کے ظلم و زیادتی اور استحصال کے خلاف ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے آزادی کے دوران متعدد تحریکیں چلیں، چاہے وہ تحریک عدم تعاون یا ریشمی رومال تحریک کے ذریعہ ملک کو برطانوی سامراج سے خالی کرایا گیا۔ اسی طرح بی جے پی کے خلاف بھی بڑے پیمانے پر پُرامن مظاہرہ ہونے کی امید ہے۔
انہوں نے اترپردیش میں اسد الدین اویسی کی سیاست پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسد الدین اویسی بی جے پی کو بالواسطہ طریقے سے فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں اور وہ اپنے مقصد میں کامیاب بھی ہوئے اور ان کی وجہ سے کئی سیٹوں پر بی جے پی کو جیت حاصل ہوئی۔ بی ایس پی نے بھی انتخابات میں انتہائی خراب مظاہرہ کیا اور کانگریس ختم ہوچکی ہے جس کی وجہ سے بی جے پی کو بڑے پیمانے پر فائدہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس میں منصوبہ بند طریقے سے کام نہیں ہوتا ہے۔ کانگریس کی اعلیٰ قیادت زمینی حقائق سے واقفیت نہیں رکھتی ہے تاہم پرینکا گاندھی نے جب یہ نعرہ دیا تھا کہ لڑکی ہوں لڑ سکتی ہوں تو یہ انقلاب تھا لیکن زمینی سطح پر اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوسکا۔