اردو کے معروف ادیب، گیت کار و ممتاز ڈرامہ نگار ولایت جعفری کا انتقال 85 برس کی عمر میں ممبئی کے ہسپتال میں ہوا۔ وہ لمبے عرصے سے بیمار تھے اور کورونا مثبت بھی ہو گئے تھے۔
'ولایت جعفری کا انتقال اردو ادب کے لیے بڑا خسارہ' ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران سینیئر صحافی عبید اللہ ناصر نے بتایا کہ ولایت جعفری شروع سے ہی دوردرشن سے جڑے رہے ہیں۔
ان کی پیدائش اتر پردیش کے ضلع رائے بریلی میں 2 اکتوبر 1935 کو ہوا۔ انہوں نے لکھنؤ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور 1986 میں پہلی بار لکھنؤ آکاش وانی کے ڈائریکٹر بنے۔ اس کے بعد 1988 میں لکھنؤ دور درشن کے ڈائریکٹر بنے۔
لکھنؤ سے خاص تعلق کے سبب شہر کے ادبی و عملی حلقوں میں ان کے انتقال سے سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ جعفری ہمہ جہت صفات کے مالک تھے۔ اردو ادب سے ان کا تعلق نوجوانی کے زمانے سے ہوا، جب وہ ترقی پسند تحریک کے جلوس میں پابندی کے ساتھ جایا کرتے تھے۔
ولایت جعفری نے بھارت کا پہلا 'لائٹ اینڈ ساؤنڈ' پروگرام جلیاں والا باغ حادثہ پر مبنی 'ویژن 1919' کے نام سے پیش کیا گیا تھا۔ انہوں نے یہ پروگرام لکھنؤ کے ریذیڈینسی میں پیش کیا، جو بہت مقبول ہوا۔
آپ اس کی مقبولیت کا اندازہ اسی سے لگا سکتے ہیں کہ یہ پروگرام مسلسل پانچ ماہ سے زائد تک دکھایا گیا تھا۔
عبداللہ ناصر نے کہا کہ ولایت جعفری کا دنیا سے رخصت ہونا اردو ادب کے لئے بڑا خسارہ ہے۔ ولایت جعفری کا انتقال ممبئی میں ہوا لیکن تدفین ان کے آبائی وطن رائے بریلی میں ہوگی۔