اترپردیش میں رامپور کے رکن پارلیمان محمد اعظم خان گذشتہ روز سے علیل ہیں اور ان کا لکھنؤ کے میدانتا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ وہ گذشتہ دنوں سیتا پور جیل میں کورونا سے متاثر ہوئے تھے۔ درمیان میں خبریں آئی تھی کہ ان کی طبیعت کافی ناساز ہے اور ان کو جنرل وارڈ سے آئی سی یو میں شفٹ کرنا پڑا۔ جب یہ خبریں اعظم خان کے حامیوں اور ان سے محبت کرنے والوں کے درمیان پہنچیں تو ملک بھر میں دعاؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
رامپور میں رمضان کی خصوصی عبادتوں اور شب قدر میں جاگ کر لوگوں نے اپنے رہنما اعظم خان کی صحتیابی کے لیے دعائیں کیں۔ بہرحال اب طبیعت کافی بہتر ہے لیکن ابھی بھی وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
سخت گیر مذہبی تنظیم وشو ہندو پریشد کے قومی جوائنٹ سکریٹری دھننجے پاٹھک نے اعظم خان کی طبیعت سے متعلق اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعا ہے کہ اعظم خان جلد ہی صحتیاب ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اپوزیشن کا مضبوط ہونا بھی بے حد ضروری ہے۔