ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کی شہرت یافتہ انسانیت ویلفیئر سوسائٹی کے سکریٹری محمد عمران سے ای ٹی وی بھارت نے سوسائٹی کے اغراض و مقاصد و سوسائٹی کے ذریعہ سماجی میدان میں کئے گئے کاموں کے حوالے سے خصوصی بات چیت کی۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے انسانیت ویلفیئر سوسائٹی کے سکریٹری محمد عمران نے کہا کہ سوسائٹی کا قیام اس لئے عمل میں آیا کہ لوگ دوا علاج کے لئے پیسے کا انتظام تو کر لیتے ہیں مگر خون ایک ایسی چیز ہے جو وقت پر نہ ملنے کی وجہ سے مریض اپنی جان بھی گنوا دیتا ہے اور متعدد ایسے معاملات ہم لوگوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھے تھے اس لئے لوگوں کے اندر خون عطیہ کرنے کی بیداری پیدا کرنے اور خون کا انتظام کرنے کے لیے انسانیت ویلفیئر سوسائٹی کا قیام کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس بات کو لیکر غلط فہمی کا شکار ہیں کہ خون عطیہ کرنے سے ان کا خون کم ہو جاتا ہے یا وہ بیمار ہو جاتے ہیں یہ حقیقت کے خلاف ہے بلکہ خون عطیہ کرنے سے مختلف بیماریوں سے نجات حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے لاک ڈاؤن کے اثناء کئے گئے خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کام لینے والا اللہ کی ذات ہے اور سبھی نے اپنی وسعت کے مطابق خدمتِ خلق کو انجام دیا ہماری تنظیم نے بھی لوگوں کی مدد کی۔ لوگ آتے گئے اور ہماری سوسائٹی مسافروں کی مسلسل مدد کرتی رہی۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک ہماری تنظیم 3000 یونٹ سے زائد خون عطیہ کر چکی ہے سوشل میڈیا اور فون کے ذریعہ ضرورت مند ہم سے رابطہ کرتے ہیں اور ہم لوگوں کو خون مہیا کراتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی کام کیا جا رہا وہ محض اللہ کی رضا کے لئے کیا جا رہا ہے۔ ہاں ایسے موقع پر جب حوصلہ افزائی کی جاتی ہے تو خدمتِ خلق کا جذبہ مزید بڑھتا ہے۔