کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کو سہولت فراہم کرنے والے قلی بھی متاثر ہوئے ہیں۔ اسٹیشنوں پر مسافروں کی کمی اور ان کے ذریعہ سامان نہیں اٹھوانے سے زیادہ تر قلی نے اسٹیشن کو چھوڑ دیا ہے۔
کورونا کے سبب قلی بھی پریشان ریاست اترپردیش کے بارہ بنکی میں اس وقت صرف ایک قلی ہی اپنی خدمات انجام دے رہا ہے لیکن اس کو بھی کوئی خاص فائدہ نہیں پہنچ رہا ہے۔
واضح رہے کہ کووڈ-19 کی دوسری لہر سے قبل ریلوے اسٹیشن پر 7 قلی موجود تھے، لیکن جیسے جیسے مسافروں کی تعداد کم ہوتی گئی اور مسافروں نے کورونا وائرس کے خوف سے ان سے خدمات لینا بند کیا ویسے ویسے قلی بھی اسٹیشن پر آنا بند کرتے رہے۔
اب بارا بنکی اسٹیشن پر صرف ایک قلی ہے، لیکن اسے بھی روز کام نہیں ملتا ہے، دیگر قلی اپنے اپنے گھروں پر دوسرے کام کر رہے ہیں، دوسری جانب ریلوے اسٹیشن پر کھانے پینے اور دیگر ضروری اشیاء فروخت کرنے والے وینڈرز بھی کووڈ-19 کی دوسری لہر کے باعث کافی پریشان ہیں۔ گاڑیوں کی کمی اور مسافروں کے کھانے پینے کی اشیاء نہیں خریدنے کی وجہ سے وہ خسارے میں جا رہے ہیں۔