اترپردیش میں پچھلے چار دن کے دوران پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) سے منسلک 108 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جب کہ اس سے قبل بھی 25 ممبران کو گرفتار کیا گیا تھا۔
اترپردیش: چار دنوں میں ابتک 108 پی ایف آئی کے ارکان گرفتار اترپردیش کے محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اونیش اوستھی نے کہا 'پچھلے چار دنوں میں 108 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ، وہ ان 25 کے علاوہ ہیں جنہیں پہلے گرفتار کیا گیا تھا'۔
انہوں نے مزید کہا 'تنظیم کے بارے میں مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں، جس میں ان کے مالی لین دین کے بارے میں بھی معلومات شامل ہیں۔ ہم مرکزی ایجنسیوں سے بھی مدد لے رہے ہیں ، ہمارا ہدف ان کی شناخت اور کارروائی کرنا ہے'۔
اتر پردیش کے عبوری ڈی جی پی ہتیش چندر اوستی نے بتایا کہ 14 افراد کو لکھنؤ سے، 3 سیتا پور سے، 21 میرٹھ سے، 9 غازی آباد سے، 6 شملی سے، 4 بجنور سے، 20 وارانسی سے، 5 کانپور سے، گونڈا، ہاپور اور جون پور سے ایک ایک اور بہرائچ سے 16 ارکان کو گرفتار کیا ہے۔