لکھنؤ: ہائی کورٹ کی لکھنؤ بینچ میں تبدیلیٔ مذہب معاملے میں گرفتار ڈاکٹر عمر گوتم نے درخواست دائر کی ہے۔ ڈاکٹر عمر گوتم کا کہنا ہے کہ میڈیا رپورٹنگ کو روکا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹنگ اُن کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ڈاکٹر عمر گوتم کی درخواست پر سماعت کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ جسٹس رمیش سنہا اور جسٹس وکاس کنور سریواستو کی ڈویژن بنچ نے اس درخواست کی سماعت کی۔
ڈاکٹر عمر گوتم کی جانب سے یہ دلیل پیش کی گئی کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا ایسے تمام نکات پر رپورٹنگ کر رہے ہیں، جو اس کیس کی تفتیش سے متعلق ہیں۔ ڈاکٹر عمر گوتم کے وکیل نے خدشہ ظاہر کیا کہ رپورٹنگ جاری تحقیقات کو متاثر کرسکتی ہے۔ ڈاکٹر عمر گوتم کے وکیل کا کہنا ہے کہ اس قسم کی رپورٹنگ سے ڈاکٹر عمر گوتم کے حقوق پامال ہو رہے ہیں۔ درخواست میں تمام میڈیا اداروں کو بطور جواب دہندہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ انھیں اس معاملے کی اطلاع دینے سے روکا جائے۔