ریاست اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں لکھیم پور تشدد معاملے کے بعد جیور ٹول پلازہ پر ایک خصوصی چیکنگ مہم شروع کی گئی ہے اور گاڑیوں کی جانچ کے بعد ہی ریاست میں داخل ہونے کی اجازت دی جارہی ہے۔
اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری ضلع میں اتوار کو ہونے والی ہلاکتوں کے بعد تمام ریاستی سرحدوں پر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ نوئیڈا کے سرحدی ضلع ہونے کی وجہ سے گوتم بدھ نگر کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔ اس ہنگامہ کے بعد بڑے پیمانے پر نوئیڈا پولیس نے تمام سرحدوں اور ٹول پلازوں پر فوری چیکنگ مہم شروع کر دی ہے۔
پولیس کا ماننا ہے کہ لکھیم پور معاملہ کے بعد لوگ بڑی تعداد میں لکھیم پور کھیری جانے کی کوشش کریں گے اور ایسے میں نوئیڈا کا کردار بہت اہم ہوجاتا ہے۔
پولیس کمشنر آلوک سنگھ کی قیادت میں گراؤنڈ زیرو پر چیکنگ ایکشن لیا جا رہا ہے۔ آج صبح جیور ٹول پلازہ پر پولیس نے ایک خصوصی چیکنگ مہم شروع کی ہے۔ اس میں ٹول پلازہ کے اہلکاروں کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔ مکمل طور پر مطمئن ہونے کے بعد ہی گاڑیوں کو آگے جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔