ریاست اترپردیش کے رامپور میں مسلم رہنماؤں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں جاری پنچایت انتخابات میں مسلمان بڑھ چڑھ کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں اور کسی قسم کی بھی کوتاہی نہ برتیں۔
ریاست میں پنچایت انتخابات کے لیے پہلے مرحلے کی ووٹنگ 15 اپریل کو ہونی ہے، تمام امیدواروں نے اپنی کامیابی کے لیے پوری کوشش کررہے ہیں، ایک طرف جہاں حکمراں جماعت بی جے پی کے حامی امیدوار ووٹروں کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے حکومتی اسکیموں کو نافذ کرنے کی بات کر رہے ہیں تو وہیں کچھ امیدوار اور سیاسی پارٹیاں حکومت کی غلط پالیسیوں کو عوام کے سامنے رکھ کر عوام سے ووٹ کے ذریعہ حکومت کو آئینہ دکھانے کی بات کر رہے ہیں۔
اگر بات کی جائے رامپور کی تو یہاں مسلم آبادی زیادہ ہونے کی وجہ سے مسلمانوں کا ووٹ یہاں کافی فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ مختلف تنظیموں کے مسلم رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کا اہتمام کر کے مسلمانوں سے زیادہ سے زیادہ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اپیل کی۔
رکن پارلیمان اعظم خاں کی حامی جماعت اعظم وادی تنظیم کے صدر عظیم اقبال خاں ایڈووکیٹ نے کہا کہ ایسے امیدوار کا انتخاب کریں جو گاؤں دیہاتوں کے ترقیاتی کاموں کو اپنا مشن بنائیں۔
بار ایسو سی ایشن رامپور کے سینیئر رکن اور ترجمان ضمیر رضوی ایڈووکیٹ نے کہا کہ چار مراحل میں پنچایتی انتخابات ہونے ہیں اور چاروں مراحل رمضان المبارک میں ہیں، اس لیے مسلمان نماز فجر کے بعد اپنے پولنگ بوتھوں پر پہنچ جائیں اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال ضرور کریں۔