ریاست اتر پردیش کے ضلع مرادآباد کی جامعہ قادریہ فیضان غریب نواز تنظیم کی جانب سے ضلع مجسٹریٹ راکیش کمار سنگھ کے ذریعے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو ایک یادداشت سونپا گیا ہے، جس میں عید الاضحی کی نماز ادا کرنے کی اجازت طلب کی گئی ہے۔
مرادآباد میں عید الاضحیٰ کی نماز ادا کرنے کی مانگ
ملک اس وقت کورونا وائرس کی زد میں ہے، یکم اگست کو عید الاضحی ہے، ایسے میں اتر پردیش میں عید الاضحیٰ کی نماز ادا کرنے کی مانگ کی جا رہی ہے۔
جامعہ قادریہ فیضان غریب نواز تنظیم کے کارکن اور عہدے داروں نے آنے والی عید الاضحی کے موقع پر مساجد اور عید گاہوں میں مسلمانوں کو نماز ادا کرنے کی اجازت طلب کی ہے۔
جامعہ قادریہ فیضان غریب نواز تنظیم کے صدر مولانا مستجاب حسین قادری نے کہا کہ عید الاضحی کے اس خاص موقع پر شہر میں جگہ جگہ بکروں کی خرید و فروخت کے لیے بازار لگائے جاتے تھے لیکن اس سال کرونا وائرس کی وجہ سے قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت میں دشواریاں پیدا ہو رہی ہیں، لہٰذا اس موقعے پر یہاں بازار بھی لگانے کی اجازت دی جائے تاکہ لوگ قربانی کے لیے بکرے خرید سکیں۔