اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں آج سے سبھی مذہبی مقامات کو عبادت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ مسلمانوں نے مسجد میں نماز ادا کرنے سے پہلے صاف صفائی کا خاص خیال رکھا۔
مسجد کھولنے سے قبل سب سے پہلے مسجد کو سینیٹائز کیا گیا، اس کے بعد فرش کی دھلائی کی گئی۔ ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران مصلیوں نے کہا کہ ہم اللہ رب العزت کے بہت شکر گزار ہیں، ساتھ ہی حکومت کے بھی شکر گزار ہیں، جنہوں نے عبادت کے لئے مسجد کھولنے کی اجازت دی ہے۔
نمازیوں نے کہا کہ ہم نے پہلے پوری مسجد کی صفائی کی اور سینیٹائز بھی کیا۔ اس کے علاوہ جو بھی حکومت کی جانب سے گائیڈ لائن جاری کی گئی ہے ہم ان پر مکمل طور پر عمل پیرا ہوں گے۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہم اللہ سے دعا کریں گے کہ بھارت کے ساتھ ہی پوری دنیا سے کورونا وائرس کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہو جائے۔
مساجد کھولنے سے قبل صفائی مسجد کے امام نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ہماری کوشش رہے گی کہ مسجد میں ایک وقت میں پانچ افراد سے زیادہ باجماعت نماز ادا نہ کریں۔ 15 منٹ وقفہ کے بعد چار جماعت ہو سکتی ہیں۔ مسجد میں صرف فرض نماز ادا کریں، سنت اور نفل نماز گھر میں ہی ادا کریں۔ گھر سے ہی باوضو ہو کر مسجد میں نماز ادا کرنے آئیں۔ ماسک لگا کر نماز ادا کرنا ضروری ہے۔ صاف صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ باجماعت نماز سماجی دوری کو خیال رکھتے ہوئے ادا کی جائے گی۔ مسجد میں کثیر تعداد میں لوگ آنے سے پرہیز کریں۔اس کے علاوہ جو بھی شرائط ہیں، ہم ان پر عمل کریں گے اور لوگوں سے بھی اپیل کریں گے کہ وہ ان پر ضرور عمل کریں تاکہ ہمیں آئندہ مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مساجد کھولنے سے قبل صفائی غور طلب ہے کہ 70 دنوں بعد مسجد میں نماز ادا کرنے کا موقع آج لوگوں کو ملے گا۔ اس کے لئے سبھی نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔