مودی۔یوگی نے کسان۔ نوجوانوں کو بربادی کی طرف دھکیلا: شیوپال
پرگتی شیل سماج وادی پارٹی (لوہیا) کے صدر شیوپال سنگھ یادو نے الزام لگایا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے نوجوانوں اور کسانوں کو بربادی کی طرف دھکیل دیا ہے۔
مسٹر یادو نے اتوار کو اپنے انتخابی حلقہ جسونت نگر میں پارٹی کی سائکل یاترا کے موقع پر کہاکہ بی جے پی حکومت میں ہر طبقہ پریشان ہے۔ کسانوں اور نوجوانوں کو مایوس کردیا گیا ہے۔ کسی کو ملازمت دینا تودور، نوکری پیشہ لوگوں کی ملازمت لینے کی بات کی جارہی ہے۔ عالمی وبا کورونا کے نام پر بجٹ میں اوپر بیٹھے لوگوں کے اشارے پر جم کر بدعنوانی، کمیشن خوری اور لوٹ کی جارہی ہے۔ لاکھوں لوگوں کی ملازمتیں چلی گئی ہیں۔ بڑے صنعتی گھرانوں کی کٹھ پتلی بن کر یہ حکومت ملک کو نجکاری کی آڑ میں فروخت کررہی ہے۔ بدعنوانی میں ملوث پولیس اور بجلی محکمہ فرضی معاملات میں پھنسانے و چھاپہ ماری کا خوف دکھاکر غریب عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے پارٹی کے لوگوں سے اپیل کی کہ عوام کو لوٹنے والے حکام کی فہرست تیار کرو، وقت آنے پر سود سمیت وصولی کی جائے گی۔ بی جے پی حکومت کی من مانی اور تغلقی فیصلوں سے عوام بے حال ہیں۔
مسٹر یادو نے کہاکہ گزشتہ سات مہینوں سے کورونا کی وجہ سے عوام کو بہت پریشانی برداشت کرنی پڑی۔ کورونا ختم نہیں ہوا ہے، مگر اب کورونا اور حکومت سے لڑنے کے لئے ہم لوگ سائکل یاترا کے ذڑیعہ سڑکوں پر اترے ہیں۔