ریاست اترپردیش کے ضلع امبیڈکر نگر میں دکان پر بیٹھے ایک نوجوان کو گولی مار کر فرار ہونے کی کوشش کررہے تین بدمعاشوں کو گاؤں کے لوگوں نے پکڑ لیا۔ مشتعل ہجوم نے تین بدمعشوں میں سے دو کو پیٹ پیٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور تیسرے کے اوپر تیل چھڑک کر آگ کے حوالے کردیا لیکن موقع پر پہنچی پولیس نے آگ کو بجھا کر اسے اسپتال میں داخل کرایا، اس واقعے کے کچھ دیر بعد بدمعاش کو جلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق امبیڈکر نگر کے ابراہیم پور تھانہ علاقہ کے تحت چنگی گاؤں کا رہائشی دھرمیندر ورما ایک دکان پر بیٹھا ہوا تھا کہ تین مسلح بدمعاشوں نے اس پر فائرنگ کردی جس کی وجہ سے دھرمیندر کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
فائرنگ کے وقت موجود رام بھون نے شرپسندوں کا مقابلہ کیا تو شرپسندوں نے اس پر بھی فائرنگ کردی جس کی وجہ سے رام بھون کے ہاتھوں میں بھی گولی لگ گئی، گولیوں کی آواز سن کر اطراف کے لوگ جمع ہوگئے اور شرپسندوں کو پکڑ لیا۔
مشتعل لوگوں نے ایک شرپسند کے اوپر تیل چھڑک کر اسے آگ کے حوالے کردیا جسے پولیس نے کسی طرح بجھایا تھا، جلائے جانے والے مجرم کی شناخت ڈی ایم سنگھ کے نام سے ہوئی ہے، جو ضلع کے خانوار گاؤں کا رہنے والا تھا۔
واقعے کی اطلاع پر ایس پی پوری ٹیم فورس کے ساتھ موقع پرپہنچ گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ انکاؤنٹر میں ایک مجرم کو مار گرایا گیا ہے جبکہ ایک کو گاؤں کے لوگوں نے ہلاک کردیا ہے۔ اس پورے واقعے کی جانچ کی بھی بات ایس پی نے کہی ہے۔