آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا سید محمد ولی رحمانیؒ کا بہار میں 3 اپریل کو انتقال ہو گیا تھا، جس کے بعد بورڈ میں جنرل سکریٹری کا عہدہ خالی ہو گیا تھا، لہذا بورڈ کے صدر مولانا رابع حسنی ندوی نے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو عارضی طور پر قائم مقام جنرل سکریٹری مقرر کیا ہے۔
مولانا رابع حسنی ندوی نے خط میں لکھا کہ "حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی (جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) کی وفات کو ہم سب سے بڑا سانحہ محسوس کرتے ہیں، آپ حضرات کو بھی یہی صدمہ ہوا ہوگا جو مجھے ہوا ہے۔ اللہ تعالی اس خسارہ کا نعم البدل عطا فرمائے، ہم سب ان کے لیے رفیع الدرجات کی دعا کرتے ہیں۔"
ضرورت اور کام کے تقاضوں کے لحاظ سے قائم مقام جنرل سکریٹری کے تعین کی فوری ضرورت ہے، بورڈ کا انتخابی جلسہ چند ماہ میں ہونے والا ہے، جنرل سکریٹری کا اصل انتخاب اسی اجلاس میں ہوگا، عارضی طور پر میں بحیثیت صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، شریعت و ملت کے کاموں میں معروف شخصیت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب (موجودہ سکریٹری بورڈ) کو قائم مقام جنرل سکریٹری مقرر کرتا ہوں، بورڈ کا دفتر ان سے رابطہ رکھے اور حسب معمول ان کے مشورے سے کام کرے۔
مولانا خالد سیف اللہ رحمانی بھارت کے نامور فقیہ، متعدد فقہی کتابوں کے مصنف اور شرعی علوم کے محقق ہیں۔ نیز آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے معتمد، اسلامک فقہ اکیڈمی کے معتمد عمومی، حیدرآباد دکن میں واقع المعہد العالی الاسلامی کے بانی، سہ ماہی بحث و نظر کے مدیر، دار العلوم ندوۃ العلماء کی مجلس انتظامی اور مجلس نظامت کے رکن اور متعدد مدارس اور تنظیموں کے سرپرست ہیں۔