یشونت سنہا نے سماج وادی پارٹی کے دفتر پر میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ 'سی اے اے کے حوالے سے پورے ملک میں ہورہے احتجاجی مظاہروں سے پوری دنیا میں ہندوستان کی شبیہ کو نقصان پہنچا ہے جس کے لیے سیدھے طور پر مرکزی اور اترپردیش کی بی جے پی سرکاریں ذمہ دار ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ 'سی اے اے اور این آر سی کے اعلان سے پورے ملک میں خوف کا ماحول ہے۔ خاص طور سے اقلیتی طبقہ ڈرا ہوا ہے اور اس کے خلاف تحریک چلا رہے ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو اس خوف کے ماحول سے باہر نکالے ان سےبات کرے اور ان کے شبہات کا ازالہ کرے جس سے ملک میں امن وامان قائم رہ سکے۔
سنہا نے کہا کہ 'نریندرمودی حکومت ایک جابر حکومت ہے۔ اس کے اشارے پر اترپردیش سمیت بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں میں سی اے اے اور این آر سی کے ضمن میں حالات سب سے زیادہ خوف ناک ہیں۔ پر امن احتجاج کرنے والی عوام کی آواز کو دبایا جارہا ہے۔ ملک کے معاشی حالات کی فکر کرنے کے بجائے حکومت سی اے اے اور این آر سی کے ذریعہ عوام کا دھیان بھٹکانے کا کام کررہی ہے'۔