لاک ڈاؤن میں جہاں شراب کی خرید و فروخت پر پابندی عائد ہے وہیں اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اور لاک ڈاؤن میں شراب کی مانگ میں اضافے کے مدنظر غیر قانونی طور شراب بنانے والے کافی سرگرم ہیں۔
ریاست اتر پردیش میں بہرائچ پولیس نے غیر قانونی طور شراب تیار کرنے والے تین افراد کو دفعہ 60 بی، و272 آئی پی سی کے تحت تھانہ کوتوالی مرتہا میں گرفتار کیا ہے۔
ضلع بہرائچ پولیس کی جانب سے وجرائم کے خلاف چلائی جا رہی مہم کے تحت غیر قانونی طور شراب بنانے اور بیچنے پر قدغن لگانے کے سلسلہ میں پولیس نے نئی بستی سے شری رام ولد جے رام، گرو پرساد ولد جے رام، کویتا زوجہ شری رام ساکنان نئی بستی ندھی پوروہ تھانہ کوتوالی مرتہا کے قبضے سے پلاسٹک کی پپیا میں 20 لیٹر ناجائز کچی شراب، 500 گرام یوریا، 300 گرام نوسادر، ایک پتیلا، ایک ٹین کے ساتھ گرفتار کیا ہے، جن کے خلاف مقامی تھانہ پر مقدمہ 82/2020 کی دفعہ 60(2) ای ایکس اے سی ٹی و272 آئی پی سی ایکٹ کے تحت کاروائی کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش کے کئی اضلاع بشمول نوئیڈا میں غیر قانونی طور شراب تیار کرنے اور اسکی خرید و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف شکنجہ کسنا شروع کر دیا ہے۔