سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ مہنگائی اور فصل کی مناسب قیمتیں نہ ملنے سے دہری مار جھیل رہے کسانوں کے معاملے میں برسر اقتدار بی جے پی حکومت بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
یادو نے پیر کو لکھنئو میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’کسانوں کو امید تھی کہ انہیں بی جے پی لیڈروں کے وعدوں کے مطابق فصلوں کے اخراجات کی ڈیڑھ گنا قیمت مل جائے گی اور ان کی آمدنی دگنا ہو جائے گی، انہوں نے بھی خواب دیکھا تھا کہ اب وہ بھی خوشحال زندگی جئیں گے لیکن دھوکہ باز حکومت میں سربراہ ادھورے وعدوں کے ساتھ عوام کے درمیان جھوٹی بیان بازی میں مشغول ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’چار سال میں گنے کی قیمت ایک روپئے بھی نہ بڑھانے والی بی جے پی حکومت کے چار دن ہی رہ گئے ہیں۔ کسان دھوکے کا جواب اپنے ووٹ سے دیں گے۔ رواں سیشن میں بھی گنے کی قیمتیں کم ہی ہیں۔‘‘