ماہ ربیع الاول کے موقع پر لکھنؤ کے معروف صوفی بزرگ حضرت محمد نبی رضا شاہ رحمتہ اللہ علیہ المعروف دادا میاں درگاہ میں پرچم کشائی کی رسم ادا کی گئی۔ رسم کی ادائیگی میں سبھی مذاہب کے لوگوں نے شرکت کی۔صوفی نور محمد فصاحتی اپنے مریدوں کے ساتھ کانپور سے پرچم لے کر آئے تھے۔ درگاہ کے سجادہ نشین حضرت محمد صباحت حسن شاہ کی صدارت میں پرچم کشائی کی رسم ادا کی گئی۔ پرچم کشائی سے پہلے 'محفل سماع' منعقد ہوئی، جس میں قوالوں نے صوفیانہ کلام پیش کیا۔
اس تعلق سے قاری ظریف جہانگیری نے ای ٹی وی بھارت سے بتایا کہ آستانہ دادا میاں درگاہ میں پرچم کشائی کی رسم ادا کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی دادا میاں کے 113 ویں عرس مبارک کی تیاریاں بھی شروع ہو گئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں سے ہر برس ماہ ربیع الاول میں جلوس محمدی صلی اللہ علیہ وسلم نکلتا ہے لیکن اس بار ابھی تک تصویر صاف نہیں ہے۔ اگر ضلع انتظامیہ اجازت دیتی ہے تو جلوس نکلے گا ورنہ نہیں۔