کسانوں کا الزام ہے کہ سرکاری دفاتر میں جانے پر ان سے کہا جاتا ہے کہ اس سے متعلق رقم ابھی اوپر سے ہی نہیں آئی ہے۔ ای ٹی بھارت سے بات کرتے ہوئے کسانوں نے اپنی بد حالی کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم سے لیکر مختلف محکمہ جات کے وزراء اور ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ تک تمام ہی شخصیات اپنی حکومت کی حصولیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے یہ کہتے نہیں تھکے کہ وہ کاشتکاروں کے مفاد میں متعدد منصوبے جاری کئے ہوئے ہیں اور وہ ہر کسان کے کھاتوں میں رقم پہنچا رہے ہیں۔
گذشتہ دنوں ریاست اترپردیش کے شہر رامپور میں ایک انتخابی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی بھی اس بات کا ذکر کرنا نہیں بھولے کہ ان کی حکومت کسانوں کو راحت دینے کے لئے ان کے کھاتوں میں رقم پہنچا رہی ہے۔
ریاست اترپردیش کے وزیر اعلی جب بی جے پی امیدوار کی تشہیر کرنے رامپور پہنچے تو انہوں نے بھی اس بات کو پوری شدت سے رامپور کی عوام کے درمیان رکھا کہ وہ حکومتی خزانے سے کسانوں کو کافی فائدہ پہنچا رہے ہیں۔
لیکن آج جب ای ٹی وی نے رامپور شہر سے محض آٹھ کلومیٹر دور واقع پتھر کھیڑا گاؤں جاکر وہاں کھیتوں پر کام کر رہے کاشتکاروں سے بات کی تو انہوں نے حکومت پر سخت الزامات عائد کیے۔