ریاست اتر پردیش کے بارہ بنکی میں آج بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی نے اپنی 95 ویں یوم تاسیس کے موقعے پر ایک پروگرام کا انعقاد کیا۔ پروگرام میں شرکت کرنے آئے اتل کمار انجان نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی سماج کے تئیں اپنے کردار کو سمجھتی ہے'۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کر کے حکومت کی جا رہی ہے۔ ملک میں بےروزگاروی اور مہنگائی اپنی عروج پر، دستور ہند خطرے میں ہے۔ ایسی صورتحال میں یہ ضروری ہے کہ تمام پارٹیاں بی جے پی کے خلاف متحد ہوں'۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا اس وقت تیسرے محاذ کی ضرورت ہے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ اب تیسرا محاذ بننا مشکل ہے۔ ضروری یہ ہے کہ تمام سیاسی پارٹیاں اپنے مفاد اور اختلاف کو دور کر کے بی جے پی کے خلاف ایک ساتھ آئیں۔' انہوں نے کہا کہ یہ مورچہ سماجی معاشی متبادل کی بنا پر بنے گا۔ یہ محاذ طئے کرے گا کہ ہمارے ملک کی سماجی اور معاشی حالت کیا ہوگی۔ انجان نے بتایا کہ اس کے لیے ہم تمام پارٹیوں سے گفتگو کر رہے ہیں'۔
یوپی میں محاذ کے سوال پر کہا کہ وہ یہاں بھی اتحاد کے حامی ہیں۔ لیکن کوئی بھی پارٹی ہمیں کمتر نہ سمجھے۔ بی جے پی کے خلاف تمام پارٹیوں کو متحد ہونا چاہیے۔ تمام پارٹیاں تکبر ختم کرکے بی جے پی کے خلاف متحد ہوں۔
اپنے محاذ میں اسعد الدین اویسی کو شامل کرنے کے سوال پر انجان نے کہا کہ' انہیں حیدرآباد کی بریانی اور ناگپور کی نارنگی سے کافی نفرت ہے۔ وہ جناح اور آر ایس ایس کے نظریات کو و پسند نہیں کرتے'۔