پارٹی کے لیڈران نے منگل کو یہاں منعقد پریس کانفرنس میں کہا کہ کانگریس مسٹر للو کو غیرقانونی طور پر جیل بھیجنے کے خلاف وسیع پیمانے پر مہم چلائے گی۔ان کی ضمانت عرضی سیشن کورٹ سے خارج کردی گئی ہے لیکن پارٹی کو عدالت پر پورا یقین ہےاوراترپردیش صدر کو انصاف ملے گا۔
کانگریس قانون ساز پارٹی کی لیڈر آرادھنا مشرا مونا نے کہا کہ لاکھوں ضرورت مندوں تک کھانا اور راشن پہنچانے والے ،ہزاروں مزدوروں کو ان کے گھروں تک لانے والے،غریبوں مزدوروں کے مددگار اجے کمار للو کا آخرقصور کیاہے۔یہی کہ انہوں نے ضرورتمندوں کی مدد کی،مزدوروں کو راحت ملے اسلئے بسوں کا انتظام کیا۔خدمت کے جذبے سے حواس باختہ یوگی حکومت نے پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے ذاتی سکریٹری سندیپ سنگھ اور 90 کانگریس قائدین پر جعلی مقدمات درج کرائے ہیں۔فرضی مقدمے اور جیل کی سلاخیں خدمت کے جذبے کو روک نہیں پائیں گی۔
کانگریس سینئر لیڈر اور قانون ساز کونسل کے ممبر نسیم الدین صدیقی نے کہا کہ اب تک پوری ریاست میں 90 لاکھ سے زیادہ لوگوں تک کانگریس پارٹی نے راشن اور کھانا پہنچایا ہے۔ 10 لاکھ مہاجر مزدوروں کی مدد کی۔22 اضلاع میں ساجھی کچن چلایا گیا۔40ہائی وے اسٹال لگاکر ناشتہ،کھانا تقسیم کیا گیا۔یہ سب ریاستی صدر مسٹر للو کی قیادت میں ہوا۔کانگریس کارکنا ن آج پھر خدمت کا عزم کر رہے ہیں کہ بی جے پی حکومت کے جبر سے جھکیں گے نہیں، خدمت کا کام اور جی جان سے کریں گے۔